سڈنی ۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نئے اوپنرمینک اگروال77 رنز اور مسٹر وال چٹیشور پجارا کی ناٹ آؤٹ 130 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت ہندستان نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹسٹ کے پہلے دن جمعرات کوکھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں چار وکٹ پر303 رنز بنا کر مہمان ٹیم کا دبدبہ بنائے رکھا۔کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے دن کے اختتام تک پہلی اننگز میں 90 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 303 رن بنا لئے ۔ مینک نے 77 رنز، لوکیش راہول نے 09، کوہلی نے 23 اور اجنکیا رہانے نے18 رن بنائے ۔ پجارا نے130 رنز اور ہنوما وہاری39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ کریز پر ہیں اور ہندستان کے چھ وکٹ محفوظ ہیں۔ میچ میں مینک اور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لئے 116 رن کی بہترین سنچری شراکت سے ہندستان کو مضبوط موقف میں پہنچایا جبکہ پجارا اب وہاری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 75 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری کرکے میدان پر ہیں۔آسٹریلیا کے لیے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کو20 اوور میں51 رن پر دو وکٹ ملے جبکہ آف اسپنر ناتھن لیون نے88 رن پر ایک اور میچل اسٹارک نے75 رنز پر ایک وکٹ لیا۔ سڈنی گراؤنڈ پر کوہلی نے صبح ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اورہندستانی بیٹسمینوں کی تسلی بخش کارکردگی سے ٹیم پہلے دن300 کے پار پہنچ گئی۔ اسپنر کلدیپ یادو کو میچ میں ایشانت شرما کی جگہ شامل کیا گیا جبکہ اسپنر رویندر جڈیجہ ٹیم میں اہم اسپنر کے طور پر شامل رہے ۔ زخمی روی چندرن اشون کے کھیلنے پر بنا شک بھی صبح ختم ہو گیا جنہیں آخری الیون میں نہیں لیا گیا۔ روہت شرما کے وطن لوٹنے کی وجہ سے ٹیم میں دوبارہ شامل کئے گئے اوپنر راہول اس موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور موجودہ سیریز میں ان کی خراب فارم کا سلسلہ سڈنی میں بھی جاری رہا جو دوسرے اوور میں ہی وکٹ گنوا بیٹھے ۔ راہول (نو) نے چھ گیندیں کھیلیں اور دو چوکے لگا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر مچل مارش کو کیچ دے بیٹھے ۔ راہول کے اس مظاہرے سے ہندستان پھر اوپننگ وکٹ کے لئے بڑی شراکت نہیں کر سکا اور مینک کے ساتھ انہوں نے صرف10 رنز کی ساجھے داری کی۔ میلبورن میں ڈیبو کرنے والے27 سالہ مینک نے لیکن اپنے کیریئر کے محض دوسرے ہی ٹسٹ میں دوبارہ کمال کردکھایا اور مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ گزشتہ میچ میں انہوں نے 76 رن بنائے تھے جبکہ اس بار انہوں نے112 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 77 رن کی اننگز کھیلی۔ پجارا کریز پر صبح دوسرے اوور کے ختم ہونے سے پہلے ہی آئے اور دن کے آخری90 ویں اوور تک کھیلتے رہے اور ناٹ آؤٹ لوٹے ۔ انہوں نے 250 گیندوں کا سامنا کیا اور16 چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ130 رنز بنائے جوکہ سیریز میں انکی تیسری سنچری ہے۔پچارا نے 199 گیندوں میں13 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ پجارا نے اسٹارک کی گیند پرچوکا لگایا اور کیریئر کے 68 ویں ٹسٹ میں اپنی 18 ویں سنچری بنائی۔ پجارا کی مینک کے ساتھ اس شراکت داری کو آسٹریلیائی آف اسپنر لیون نے34 ویں اوور میں توڑا اور اسٹارک کے ہاتھوں ہندستانی اوپنر کو کیچ کراکر ہندستان کا دوسرا وکٹ نکالا۔ میچ میں انتہائی سنبھل کر اپنے شاٹس کھیل رہے پجارا نے پھر کپتان کوہلی کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کے لئے 54 رن کی مفید شراکت کی ۔نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین کوہلی اس بار بڑی اننگز کھیلے بغیر پویلین لوٹ گئے ۔