حیدرآباد ۔ 16 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) پدماشری ایوارڈ یافتہ شخص کی اراضی پر قبضہ کرنے والے ایک ڈاکٹر کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ اُن کے دیگر تین ساتھی مفرور بتائے گئے ہیں۔ حیات نگر پولیس کے مطابق پدما شری ایوارڈ یافتہ موگلیا 72 سالہ کو حکومت نے چھ سو گز اراضی مختص کی تھی اور تحصیلدار نے اس اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے حدبندی کے بعد پدماشری موگلیا کو اراضی حوالے کردیا جس پر گرفتار 70 سالہ ڈاکٹر بھوانم برہما ریڈی جنرل فزیشن ساکن ونستھلی پورم نے قبضہ کیا اور اراضی کے حدود میں زبردستی داخل ہوتے ہوئے حدبندی کو توڑ پھوڑ کی ۔ پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اُس پر قبضہ کرنے والے ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر تین 23 سالہ گوردھن ، 46 سالہ ایس لکشماپا اور سرینو مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس اُنھیں تلاش کررہی ہے ۔