پرائم منسٹر آواس یوجنا کے تحت 80 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ

   

40 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے بجٹ تقریر میں مرکزی وزیر فینانس کا اعلان
حیدرآباد۔یکم۔فروری(سیاست نیوز) پرائم منسٹر آواس یوجنا کے تحت ملک بھر میں 80 لاکھ بے گھر خاندانوں کے لئے مکان تعمیر کئے جائیں گے۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے آج بجٹ 2022-23 کی پیشکشی کے دوران یہ اعلان کیا اور کہا کہ مالی سال 2022-23 میں 80لاکھ مکانات کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت نے 40 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کے بعد ناقدین کی جانب سے مرکزی وزیر فینانس اور وزیر اعظم دونوں کو نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک تقریر کے ویڈیو کلپ کے ساتھ انہیں یہ یاد دلانے کی بات کہی جا رہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’’آزادی کے امرت مہوتسو‘‘پر ہندستان میں کوئی بے گھر نہیں ہوگا بلکہ ہر ہندستانی شہری کا اپنا گھر ہوگا۔ان کی جانب سے کی گئی تقریر میں آزادی کے امرت مہوتسو کے ساتھ سال 2022 کا بھی تذکرہ کیا گیا تھا ۔وزیر اعظم کے اعلان کے ساتھ آج پارلیمنٹ میں وزیر فینانس کی بجٹ تقریر کو بھی مضحکہ خیز انداز میں پیش کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ وزیر فینانس نے جاریہ مالی سال کے دوران جو 80لاکھ مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ہے اس کے متعلق اپنے اعداد وشمار کا حساب نہیں کیا ہوگا کیونکہ انہو ںنے 40ہزار کروڑکی لاگت سے ان مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ چند برس قبل تک مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بیت الخلاء کی تعمیر کے لئے ایک یونٹ پر 12ہزار روپئے خرچ کرنے کے دعوے کئے جا رہے تھے اور اب 50ہزار روپئے کی لاگت سے مکمل گھر کی تعمیر کا دعویٰ کیا گیا ہے۔مرکزی وزیر فینانس کی بجٹ تقریر میں 80لاکھ مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں کئے گئے اعلان اور اس کے لئے مختص کردہ بجٹ کے اعتبار سے مرکزی حکومت نے 50ہزار کی لاگت سے ایک مکان کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔حکومت کی جانب سے اگر سرکاری اراضیات کی نشاندہی کے ذریعہ بھی مکانات کی تعمیر کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں 50ہزار میں ایک مکان کی تعمیر کس طرح ممکن ہوپائے گی یہ کوئی نہیں بتا سکتا اسی لئے مرکزی وزیر فینانس کے اس اعلان اور وزیر اعظم کے آزادی کے امرت مہوتسو دونوں کو یکجا کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے اس اعلان کو ناقابل عمل اور حقیقت سے بعید قرار دیا جا رہاہے۔م