پراجکٹ میں شگاف ‘مرکزی وزیر کا سنسنی خیز ریمارک

   

حکومت پر کرپشن کا الزام ، بی آر ایس کی مشکلات میں اضافہ
حیدرآباد ۔3۔نومبر (سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈا بیاریج سے متعلق مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت نے سوشیل میڈیا پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔ میڈی گڈا بیاریج میں خرابی اور پلرس کے غرقاب ہونے سے متعلق نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کا کرپشن بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بی آر ایس حکومت کے بھاری کرپشن کے نتیجہ میں لاکھوں عوام کی زندگی کو خطرہ پیدا کردیا گیا اور عوام کی ٹیکس کے ذریعہ ادا کی جانے والی کروڑہا روپئے رقم کا نقصان ہوا ہے۔ واضح رہے کہ میڈی گڈا بیاریج میں حالیہ نقصانات پر مرکزی حکومت نے ماہرین کی رپورٹ جاری کی ہے۔ مرکزی وزیر جل شکتی نے ٹوئیٹ کے ذریعہ بیاریج کی تعمیر میں غیر معیاری کاموں کی نشاندہی کی ہے۔ واضح رہے کہ 22 اکتوبر کو میڈی گڈا بیاریج کے پلرس شگاف کے سبب پانی میں دھنس گئے جس کے نتیجہ میں پراجکٹ کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے پراجکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے شگاف کی تصاویر جاری کی لیکن حکومت نے تصاویر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی بیاریج کی تصویر کو شگاف کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ پراجکٹ سے متعلق بی جے پی ریاستی قائدین خاموش ہیں لیکن مرکز ی وزیر نے ٹوئیٹ کے ذریعہ حکومت کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔