پرانا شہر تالاب کٹہ میں 13 افراد کورونا کا شکار ‘ دواخانہ منتقل

,

   

تلنگانہ میں ایک دن میں 61 نئے پازیٹیو کیس ۔ صرف جی ایچ ایم سی حدود میں متاثرین کی تعداد 216 ہوگئی
حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) کوویڈ ۔ 19 وائرس تلنگانہ میں پھر ایک مرتبہ شدت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے اور پیر کو ایک دن میں 61 پازیٹیو کیسیس سامنے آئے ہیں اور ایک موت واقع ہوئی ہے۔ آج کے تازہ ترین رپورٹس کے مطابق جی ایچ ایم سی کے حدود میں 216 کیس سرگرم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ علاوہ ازیں تشویش کی بات یہ ہے کہ پرانے شہر کے علاقہ تالاب کٹہ میں بھی ایک ہی محلہ اور خاندان سے تعلق رکھنے والے 13 افراد اِس مہلک وائرس کا شکار ہونے کا پتہ چلا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک 65 سالہ ضعیف خاتون جو امراض قلب و دیگر عوارض کا شکار تھی جس کے نتیجہ میں اُسے پرانے شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن وہاں پر طبیعت نہ سنبھلنے پر کورونا وائرس کی علامات کے پیش نظر گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں 11 اپریل کو خاتون کا انتقال ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی خاتون تالاب کٹہ روڈ نمبر 11 قریب مسجد طلحہ کی ساکن تھیں۔ انتقال کے بعد گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے نعش کو متوفی کے افراد خاندان کے حوالہ کردیا تھا اور پرانے شہر کے ایک قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ گاندھی ہاسپٹل میں ان کے مختلف ٹسٹ کئے گئے تھے اور ان معائنوں کی رپورٹس سے یہ ثابت ہوا کہ متوفی خاتون کورونا وائرس سے متاثر تھیں۔ اِس بات کا پتہ چلنے پر محکمہ صحت اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے متوفی کے افراد خاندان اور محلہ کے مقامی افراد جملہ 40 افراد کا معائنہ کروایا جس میں آج رپورٹ موصول ہونے پر یہ معلوم ہوا کہ اِس خاندان اور پڑوس کے دیگر جملہ 13 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اِس بات کے انکشاف کے بعد بلدی حکام نے متاثرہ افراد کو بذریعہ ایمبولنس سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اُن کا علاج کیا جائے گا۔ تالاب کٹہ علاقہ میں مہلک وائرس کا ایک بڑا واقعہ سامنے آنے کے بعد بلدیہ، پولیس اور محکمہ صحت کے عہدیدار مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے اِس علاقہ کا محاصرہ کرلیا اور اِسے کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے اور مزید مقامی عوام کے معائنے کئے جانے کی اطلاع ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دو دن سے ہی تالاب کٹہ علاقہ میں مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے عوام کے داخلہ اور آمد و رفت کو روکنے کی کوشش کی جا رہی تھی ۔ تاہم آج 13 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات کے بعد پولیس مزید چوکس ہوگئی ہے اور اس علاقہ میں آمد و رفت میں مزید پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ایک ہی علاقہ سے 13 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع پر نہ صرف تالاب کٹہ اور اطراف کے علاقوں کے عوام میں بلکہ تقریبا پرانے شہر کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کچھ مقامات پر عوام نے گھروں کے قریب راستے مسدود کردئے ہیں۔