پرانا شہر پاکستان کا نہیں تلنگانہ کا اٹوٹ حصہ ہے ‘ ہریش راؤ

,

   

سرجیکل اسٹرائیک کرنا ہو تو غربت اور بیروزگاری کے خلاف کیا جائے ۔ ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ اگر اس میں ہمت ہے تو غربت کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کرے۔ بی ایچ ای ایل میں بھارتی نگر ڈیویژن کی ٹی آر ایس امیدوار سندھو آدرش ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانا شہر کسی دشمن ملک کا حصہ نہیں ہے اگر وہاں سرجیکل اسٹرائیک کیا جاتا ہے تو لاکھوں انسانوں کی زندگیاں ضائع ہونگی اگر بی جے پی سرجیکل اسٹرائیک کرنا چاہتی ہے تو غربت ، بیروزگاری اور معیشت کو تباہ و برباد کرنے والوں کے خلاف اسٹرائیک کرے جو ملک کے مفادات کیلئے سودمند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مرکز پر 6 سال کی حکمرانی کی ہے مگر عوام کے سامنے پیش کرنے اس کا کوئی کارنامہ نہیں ہے اس لئے اس نے مذہبی جذبات مجروح کرکے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔وہیں ٹی آر ایس نے ان 6 سالوں کے دوران سینکڑوں کام کئے ہیں جس کو عوام کے سامنے پیش کرکے ووٹ مانگ رہی ہے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی پر نہ صرف ترقیاتی اقدامات جاری رہیں گے بلکہ گریٹر حیدرآباد کے عوام کو مفت پینے کا پانی سربراہ کیا جائیگا۔ انتخابات کے بعد سیلاب متاثرین میں دوبارہ 10 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کی جائیگی ۔ 5 سال قبل برقی سربراہی کی کیا حالت تھی اب کیا ہے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ ریاست میں برقی مسائل ختم ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر پر کیوں سرجیکل اسٹرائیک کیا جائے کیا پرانا شہر پاکستان میں ہے ۔ بی جے پی قائدین کو رائے دہی سے قبل شکست کا اندازہ ہوگیا ہے اور وہ فرقہ پرستی کے ایجنڈے پر چند ووٹ زیادہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حیدرآباد کے لاء اینڈ آرڈر کو نقصان پہنچانے بی جے پی جوش و خروش کا مظاہرہ کررہی ہے مگر وہ اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ حیدرآبادی عوام بی جے پی کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔