پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کیلئے منگل سے کانگریس قائدین کی پدیاترا

   

حکومت پر زرعی شعبہ کو نظرانداز کرنے کا الزام، کونڈہ وشویشور ریڈی پدیاترا کی قیادت کریں گے

حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے ضلع وقارآباد سے تعلق رکھنے والے قائدین نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کی تعمیر روک دیئے جانے کے خلاف بطور احتجاج منگل سے پدیاترا کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر رام موہن ریڈی اور سابق وزیر پرساد کمار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق رکن پارلیمنٹ وشویشور ریڈی کی قیادت میں پارٹی قائدین پدیاترا میں حصہ لیں گے۔ صدر ضلع کانگریس رام موہن ریڈی، سابق وزراء پرساد کمار، اے چندر شیکھر ، سی ایچ نرسمہا ریڈی اور دیگر قائدین احتجاجی پروگرام میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 اگسٹ کو پہلے دن شنکر پلی دوبی پور سے چیوڑلہ تک پدیاترا کی جائے گی۔ دوسرے دن پدیاترا منے گوڑے تک پہنچے گی۔تیسرے دن پرگی اور چوتھے دن شاد نگر تک پدیاترا جاری رہے گی۔ چار دنو ں میں 88 کلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کانگریس کی جانب سے شروع کردہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے کسانوں کیلئے مشکلات پیدا کردی ہے۔ زرعی شعبہ کیلئے پانی سے محرومی کے نتیجہ میں کسان خودکشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے دریائے گوداوری کا پانی رنگاریڈی کے کسانوں کو سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں متحدہ ضلع رنگاریڈی زرعی شعبہ میں پوری طرح نظرانداز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کیلئے کرن کمار ریڈی حکومت نے 11 کروڑ روپئے کے ذریعہ سروے کے آغاز کا فیصلہ کیا تھا۔ سابق وزیر پرساد کمار نے حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ کے سی آر حکومت کو تلنگانہ سے زیادہ آندھرا پردیش کے کسانوں کے مفادات کی فکر ہے ۔ کے سی آر آندھرا پردیش کو پانی سربراہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ رائلسیما کو موتیوں کے سیما میں تبدیل کرنے کی بات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران عوام نے نئی ریاست سے کئی توقعات وابستہ کی تھیں لیکن انہیں ٹی آر ایس کے برسراقتدار آنے کے بعد مایوسی ہوئی ہے۔ ہر شعبہ کو کے سی آر حکومت نے مایوسی کا شکار کردیا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں پہلی میعاد کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام ناراض ہیں اور وہ آئندہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔