ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم اور بنڈلہ گوڑڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہرکے علاقہ سے پولیس نے ایک جادوگر کو گرفتار کرلیا جو عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ان سے رقم بٹور رہا تھا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ایسٹ زون ٹیم نے بنڈلہ گوڑہ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 42 سالہ الیاس احمد عرف محمد الیاس احمد ساکن چھلہ جہانگیرآباد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے تصاویر، 8 ہزار نقد رقم اور موبائل فون ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق الیاس نارائن پیٹ محبوب نگر کا متوطن ہے جو سال 2012ء میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور مختلف علاقوں میں زندگی بسر کررہا تھا۔ 2 ماہ قبل اس نے چھلہ جہانگیرآباد علاقہ میں مکان کرایہ پر حاصل کیا اور کالاجادو کے نام پر عوام کو گمراہ کررہا تھا۔ تصاویر کے ذریعہ بیماریوں کا علاج، کالا جادو اور خاندانی و معاشی پریشانیوں کے حل کا دعویٰ کرتا ہے اور کالے جادو کے نام پر عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ان سے رقم بٹور رہا تھا۔ ساوتھ ایسٹ زون ٹاسک فورس کی ٹیم انسپکٹر پولیس پرساد ورما کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے الیاس کو گرفتار کرلیا۔ع