میڈیکل کیمپس اور دیگر فلاحی سرگرمیاں ، حیدرآباد اور اضلاع کیلئے منصوبہ بندی
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) عوامی تائید کے حصول کیلئے سیاسی پارٹیاں کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں۔ 2024 اسمبلی انتخابات میں نوجوان طبقہ کی تائید حاصل کرنے پر کانگریس نے ابھی سے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ 26 جنوری سے شروع ہونے والی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے دوران کانگریس پارٹی نوجوانوں کو راغب کرنے کیلئے کرکٹ ٹورنمنٹس کے انعقاد کی تیاری کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مہم کے دوران نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں ہیڈکوارٹرس پر میڈیکل کیمپس اور اسٹریٹ کارنرس میٹنگس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی ہے کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے دوران نوجوانوں کو کانگریس سے قریب لانے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی سرگرمیوں کے ذریعہ نہ صرف نوجوانوں بلکہ خواتین کی تائید حاصل کی جاسکتی ہے۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی نے پرانے شہر میں نوجوانوں کو کانگریس کی طرف لانے کیلئے اسمبلی حلقوں اور ڈیویژن سطح پر کرکٹ ٹورنمنٹس کے انعقاد کی تیاری کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے کی 20 جنوری کو آمد کے بعد اس پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ تنظیمی سطح پر کمیٹیوں کے اعلانات کے بعد نئے قائدین کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ نے کہا کہ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں عوام کانگریس سے وابستہ ہونے کیلئے تیار ہیں۔ پرانا شہر جو کبھی کانگریس کا گڑھ سمجھا جاتا تھا اسے دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ہر اسمبلی ڈیویژن میں نوجوانوں کیلئے کھیل کود کی سرگرمیاں شروع کی جارہی ہیں اور ہر ڈیویژن سطح پر کانگریس پارٹی کے دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ر