پرانے شہر میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات عوامی صحت کے لیے خطرہ

   

کا لا پتھر علاقے میں جگہ جگہ کچرے کے انبار، علاقہ میں بدبو اور تعفن سے راہگیروں کا گذرنا مشکل، دکانداروں کو دشواری
حیدرآباد۔/19 نومبر ،( سیاست نیوز) حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کیلئے حکومت کئی اقدامات کررہی ہے لیکن شہر میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات عوام کی صحت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر میں کچرا کنڈیوں کے نظام کو ختم کرتے ہوئے ہر گھر سے کچرے کے حصول کا نظم قائم کیا۔ ہر گھر سے کچرا حاصل کرنے کیلئے آٹو ٹرالی فراہم کی گئی باوجود اس کے پرانے شہر میں جگہ جگہ کچرے کے انبار دکھائی دے رہے ہیں۔ ایسے وقت جبکہ معاشرہ میں وبائی امراض اور وائرل سے پھیلنے والی بیماریاں عروج پر ہیں پرانے شہر میں کچرے کے انبار عوامی صحت کیلئے نقصاندہ ثابت ہورہے ہیں۔ پرانے شہر کے علاقہ کالا پتھر کے عوام نے شکایت کی ہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں کچرے کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں علاقہ میں بدبو اور تعفن سے راہگیروں کا گذرنا اور اطراف کے مکینوں کا گذربسر دشوارکن ہوچکا ہے۔ مقامی دکانداروں کو بھی کاروبار کے سلسلہ میں دشواری ہورہی ہے۔کچرے کے انبار بیماریوں میں اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق کچرے کی نکاسی کیلئے متعلقہ کارپوریٹرس سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن صحت و صفائی کے مستقل اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر میونسپل کارپوریشن نے کھلے علاقہ میں کچرا ڈالنے کا موقع فراہم کرنے کے بجائے اگر کچرا کنڈیوں کا انتظام کردیا تو کم از کم کچرا علاقہ میں نہیں پھیلے گا جس کے نتیجہ میں عوام بیماریوں کا شکار نہیں ہوں گے۔ میئر حیدرآباد اور کمشنر جی ایچ ایم سی سے عوام نے اپیل کی ہے کہ کچرے کی نکاسی کا انتظام کریں اور مستقل طور پر کچرے کی صفائی کو یقینی بنائیں۔1