پرانے شہر میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کی مساعی

   

پہلی خوراک لینے والوں کو دوسری خوراک کے لیے توجہ دلانے فون کالس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کے لیے پرائمری ہیلت سنٹرس کی جانب سے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پہلی خوراک لینے کے بعد دوسری خوراک کے لیے دلچسپی نہ دکھانے والے افراد کو یادہانی کروائی جارہی ہے اور عوام کو فون کرتے ہوئے پی ایچ سی آنے کا مشورہ دیا جارہا ہے بلکہ دوسری خوراک کے لیے زور دیا جارہا ہے ۔ اس کے لیے چارمینار کے پرائمری ہیلت سنٹر میں ٹیکہ لینے کے لیے عوام کو فون کر کے اطلاع دی جارہی ہے ۔ پی ایچ سی کی اس کوشش میں چند رضاکار تنظیموں کا بھر پور تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ جو عوام کو اپنے طور پر ٹیکہ لینے کے لیے زور دے رہے ہیں اور ان میں شعور بیدار کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ پرانے شہر میں موجودہ سیاحتی مقامات اور ان میں کام کرنے والے عملہ کو ٹیکہ اندازی کے لیے کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی تجارتی علاقوں اور مارکٹ میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کا نشانہ مقرر کرلیا گیا ہے ۔ پٹیل مارکٹ ، پتھر گٹی ، گھانسی بازار ، لاڈ بازار ، مدینہ و دیگر مقامات پر فون کرتے ہوئے اطلاع دی جارہی ہے ۔ جامع منصوبہ بندی کے سبب جاری اقدامات سے پرانے شہر کے پرائمری ہیلت سنٹرس چارمینار ، شاہ علی بنڈہ ، دودھ باولی ، پرانا پل ، دارالشفاء ، چندو لعل بارہ دری ، پرانی حویلی ، پنجہ شاہ علاقوں میں عوام بھیڑ دیکھائی دے رہے ہیں جو ایک خوش آئند اقدام تصور کیا جارہا ہے ۔۔ ع