پرانے شہر میں میٹرو پراجکٹ آئندہ انتخابات تک مکمل کرنے ریونت ریڈی کا اعلان

   

پرانے شہر کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ، چنچل گوڑہ تا سنتوش نگر اسٹیل بریج کا افتتاح، جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چنچل گوڑہ تا سنتوش نگر اسٹیل فلائی اوور بریج کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، محمد اظہرالدین ، ارکان پارلیمنٹ وی نریندر ریڈی ، انیل کمار یادو ، اسد الدین اویسی ، رگھو ویر ریڈی ، ارکان اسمبلی احمد بلعلہ ، جعفر حسین معراج، حکومت کے مشیر وی ہنمنت راؤ اور مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین نے شرکت کی۔ چنچل گوڑہ تا سنتوش نگر اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر پر 620 کروڑ کے مصارف آئے ہیں۔ 3.2 کیلو میٹر طویل اور 16.6 میٹر چوڑے اس بریج پر 4 لائین ٹریفک کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے اوپن ٹاپ گاڑی میں سفر کرتے ہوئے فلائی اوور کا معائنہ کیا۔ بعد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے پرانے شہر کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے حکومت کے منصوبہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل میں حکومت سنجیدہ ہے۔ آئندہ انتخابات تک پراجکٹ کی تکمیل کیلئے مساعی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ پرانے شہر کو اولڈ سٹی نہیں بلکہ اوریجنل سٹی قرار دیتے ہیں۔ کانگریس حکومت نے پرانے شہر میں کئی ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ پرانے شہر کے علاقوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فنڈس منظور کرنے کیلئے تیار ہے ، تاہم مقررہ وقت پر کاموں کی تکمیل ارکان اسمبلی کی ذمہ داری ہے۔ تعلیم کے شعبہ پر حکومت بجٹ خرچ کرنے میں کوئی تامل نہیں کرے گی اور پرانے شہر میں بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی حکومت یقینی بنائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کے لئے ہندو اور مسلمان دو آنکھوں کی طرح ہیں اور حیدرآباد میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پرانے شہر کے عوام کو کیبل بریج دیکھنے کیلئے دور تک جانا پڑتا ہے ، لہذا انہوں نے میرعالم ٹینک پر تین کیلو میٹر طویل کیبل بریج کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد میں حکومت اندراماں ہاؤزنگ کے تحت ایک لاکھ مکانات تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے دو اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ہاؤزنگ کیلئے اراضی کے تعین میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جہاں کہیں بھی دولتمند افراد اراضیات پر قابض ہیں، انہیں برخواست کرتے ہوئے غریبوں کیلئے مکانات تعمیر کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کی فراہمی حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور بی آر ایس موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ موسیٰ ندی پراجکٹ کی تکمیل سے پرانے شہر میں معاشی استحکام اور روزگار حاصل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کو ناگول سے ایل بی نگر ، چندرائن گٹہ ، راجندر نگر اور شمس آباد تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں بی آر ایس اور بی جے پی رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی اور 500 روپئے میں گیس سلینڈر کی سربراہی جیسی اسکیمات کا ذکر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے۔ صرف الیکشن میں سیاست کی جائے اور باقی دنوں میں ترقیاتی کاموں پر توجہ ہونی چاہئے ۔1/k/m/b