حکومت کے منصوبے کے مطابق اندرون پانچ سال پراجیکٹ کی بڑی حد تک تکمیل کیلئے سنجیدہ اقدامات
حیدرآباد۔22۔اگسٹ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے لگا ہے اور حیدرآباد میٹرو ریل نے دارالشفاء تا فلک نما راہداری پر پلرس کی نشاندہی مکمل کرنے بعد کئی مقامات پر پلرس کیلئے کھدوائی کا آغاز کردیا ہے۔حیدرآباد میٹرو ریل سے دارالشفاء تا فلک نما راہداری پر کاموں کے دوران حصول جائیداد اور انہدامی کاروائیوں کے ساتھ فلک نما پر پلرس کیلئے نشاندہی و کھدوائی کو بھی شروع کردیا ہے۔ دارالشفاء سے منڈی میرعالم ‘ کوٹلہ عالی جاہ‘ سلطان شاہی ‘ دائرہ میر مومن ‘ ہری باؤلی اور شاہ علی بنڈہ تک حصول جائیداد کے علاوہ علی آباد ‘ انجن باؤلی ‘ فلک نما کے قریب پلرس کیلئے کھدوائی شروع ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل حکام کے مطابق اس راہداری پر پلر کے مقامات کی نشاندہی کو مکمل کرکے منصوبہ کے مطابق کاموں کو انجام دیا جانے لگا ہے اور پلر کیلئے نشاندہی کرکے انجینیئرس نے کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کام جس رفتار سے کئے جا رہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ حکومت کے نشانہ کے مطابق اندرون 5 برس کاموں کو بڑی حد تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق اس راہداری پر حصول جائیدادکیلئے نشاندہی اور شاہ علی بنڈہ روڈ پر انہدامی کارروائی کا جلد آغاز ہوگا اور مالکین جائیداد کے ساتھ مشاورت کے بعد معاوضہ کی ادائیگی کرکے تخلیہ کا عمل بھی شروع کردیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق اس راہداری پر کاموں کے دوران ٹریفک مسائل سے نمٹنے منصوبہ کے تحت راہداری کی ابتداء اور اختتام دونوں ہی مقامات پر کاموں کو شروع کردیا گیا تاکہ مصروف سڑک پر راہگیروں کے مسائل کو کم کیاجاسکے۔3