ملک پیٹ میں کانگریس قائدین پر حملہ، چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج
حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی سرگرمیوں میں اضافہ سے مقامی جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کانگریس قائدین کو پرانے شہر میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت کے پرجا پالنا پروگرام کے تحت 6 ضمانتوں کی درخواستوں کے ادخال کا جائزہ لینے کیلئے صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے مختلف اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کیا۔ ملک پیٹ میں مجلس کے کارپوریٹر محمد شفیع کی قیادت میں غیر سماجی عناصر نے صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ اور ان کے فرزند پر حملہ کردیا۔ اس سلسلہ میں چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے ایف آئی آر درج کی گئی۔ کانگریس قائدین نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر مجلس کے غیر سماجی عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد پرانے شہر کے عوام میں حکومت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ چھ ضمانتوں کیلئے عوام میں جوش و خروش سے مقامی جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ پولیس چادر گھاٹ نے آئی پی سی کی دفعات 341، 506، 323 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مجلس کی غنڈہ گردی کو عوام خود ناکام بنادیں گے۔1
