پرانے شہر کی ترقی اور فلاح و بہبود کانگریس کا نعرہ

   

گولی پورہ میں فیروز خاں کا دورہ، رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے آج پرانے شہر کے گولی پورہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ کانگریس ترقی اور فلاح و بہبود کے ایجنڈہ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ مقامی عوام کی جانب سے فیروز خاں کا استقبال کیا گیا اور گلپوشی کی گئی ۔ مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں کانگریس کا مقابلہ مجلس سے ہے۔ اور بی جے پی نے مجلس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے کمزور امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر راہول گاندھی اور نریندر مودی کے درمیان مقابلہ ہے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ مودی پر تنقید کرتے ہیں ، اس کے باوجود بی جے پی کے ان کے خلاف کمزور امیدوار کو میدان میں اتارا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 40 برسوں سے پرانے شہر کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ مقامی جماعت نے پرانے شہر میں تاریکی پھیلادی ہے اور کانگریس سورج کے ساتھ اس تاریکی کو ختم کردے گی ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس کے حق میں رائے دہندوں کا جذبہ جگہ جگہ دیکھنے کو ملا ہے۔ کل رات بہادر پورہ میں جلسہ عام کا ذکر کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 برسوں میں کانگریس کی مقامی جماعت سے مفاہمت تھی جس سے کارکن مایوس تھے لیکن اب کانگریس کے کارکن کھل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر نے عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ فیروز خاں نے بتایا کہ حیدرآباد میں بوگس رائے دہندوں کی موجودگی سے متعلق الیکشن کمیشن کو ثبوت کے ساتھ شکایت کی گئی لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ کانگریس نے اس معاملہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی جماعت غنڈہ گردی اور بوگس رائے دہی کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی اور کانگریس اس کا مقابلہ کرے گی ۔