پرانے شہر کے علاقوںمیں کانگریس رکنیت سازی میں عوام کا جوش و خروش

   

عوام تبدیلی کے حق میں ، مجلسی قیادت مسائل کے حل میں ناکام: شیخ عبداللہ سہیل
حیدرآباد۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے دعویٰ کیا کہ پرانے شہر حیدرآباد میں کانگریس کی ڈیجیٹل رکنیت سازی مہم کے حق میں عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے تمام 44 بلدی ڈیویژنس میں رکنیت سازی مہم تیزی سے جاری ہے۔ بوتھ کی سطح پر کم از کم 100 ارکان کے نشانہ کے ساتھ پارٹی کارکن مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو نشانہ کی تکمیل میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ شیخ عبداللہ سہیل نے چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ کے کنچن باغ ڈیویژن میں رکنیت سازی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد رکنیت سازی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام حیدرآباد میں قیادت کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ وہ مجلس کی قیادت سے بیزار ہوچکے ہیں جو عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے جذباتی تقاریب اور متنازعہ بیانات کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت حاصل کرنے والے افراد کی اکثریت بیروزگار نوجوانوں کی ہے۔ پرانے شہر میں بیروزگاری ایک اہم اور سنگین مسئلہ ہے۔ لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان روزگار سے محروم ہیں۔ کانگریس پارٹی نے 4 فیصد تحفظات فراہم کئے تھے جس کے نتیجہ میں پیشہ ورانہ کورسس میں داخلوں اور سرکاری ملازمت میں مسلمانوں کو نمائندگی حاصل ہوئی۔ نوجوان اس امید کے ساتھ کانگریس سے وابستہ ہورہے ہیں کہ آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک پیٹ ، کاروان ، گوشہ محل ، چارمینار ، یاقوت پورہ ، چندرائن گٹہ اور بہادر پورہ میں رکنیت سازی مہم جاری ہے۔ گوشہ محل اور ملک پیٹ میں پارٹی کا موقف کافی مستحکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 40 اسمبلی حلقہ جات میں مسلمانوں کی آبادی 20 فیصد سے زائد ہے۔ ان حلقہ جات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ر