فیروز خاں کے بیان سے کانگریس کا اظہار لاتعلقی، ہائی کمان سے شکایت
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے پرانے شہر کے مسلمانوں کے بارے میں نامپلی انچارج فیروز خاں کی جانب سے دیئے گئے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔ حیدرآباد سٹی کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ نے فیروز خاں کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ پرانے شہر اور مسلمانوں کے بارے میں ان کے خیالات شخصی ہیں اور اس سے پارٹی نظریات کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ فیروز خاں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پرانے شہر کے مسلمانوں کے بارے میں جو ریمارکس کئے تھے ، وہ پارٹی کی پالیسی نہیں ہوسکتی۔ ہوسکتا ہے کہ وہ بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لہذا بی جے پی قائدین کو خوش کرنے کیلئے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی سے اس سلسلہ میں شکایت کی گئی تاکہ فیروز حاں کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ کانگریس میں اظہار خیال کی آزادی ہے لیکن پارٹی کی پالیسی کے برخلاف بیان بازی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور ملک کے کسی بھی علاقہ میں بسنے والے مسلمان محب وطن ہیں اور ان کی حب الوطنی پر شبہ نہیں کیا جاسکا۔ کانگریس پارٹی سیکولرازم اٹوٹ ایقان رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان کو چاہئے کہ وہ فیروز خاں کے خلاف کارروائی کریں ۔