جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کو ٹریفک کو باقاعدہ بنانے میں عدم دلچسپی
حیدرآباد۔26۔اکٹوبر(سیاست نیوز) پرانے شہر میں نصب کئے گئے ٹریفک سگنلس کو آخر کب کارکرد بنایا جائے گا!شہر حیدرآباد میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اورٹریفک کے بہاؤ میں آسانی کے ساتھ ساتھ حادثات سے پاک سڑکوں کو یقینی بنانے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ٹریفک پولیس کی جانب سے پرانے شہر کی کئی سڑکوں پر ٹریفک سگنلس کی تنصیب کے اقدامات کئے گئے اور کئی مقامات پر ٹریفک سگنلس کی تنصیب کا عمل مکمل بھی کرلیا گیا لیکن اس کے باوجود پرانے شہر کی بیشتر اہم سڑکوں انجن باؤلی‘ فلک نما‘ بی بی بازار چوراہا‘ اعتبار چوک چوراہا کے علاوہ دیگر مقامات پر نصب کئے گئے ٹریفک سگنلس کو کارکرد بنانے میں کی جانے والی تاخیر سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کو ان مصروف سڑکوں اور گنجان آبادیوں کو حادثات سے پاک اور آسان ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی اہم چوراہوں پر نئے ٹریفک سگنلس نصب کئے گئے اور انہیں کارکرد بھی بنادیا گیا ہے لیکن پرانے شہر کے ان چوراہوں پر ٹریفک سگنلس کی تنصیب کے کئی ماہ بلکہ زائد از ایک سال گذر جانے کے باوجود ان سگنلس کو کارکرد بنانے کے اقدامات نہ کئے جانے کے سبب ان اہم سڑکوں سے گذرنے والے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بسا اوقات اعتبار چوک سے کوٹلہ عالی جاہ کی سمت جانے والی سڑک پر بے ہنگم ٹریفک کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اسی طرح انجن باؤلی چوراہے کی بھی صورتحال ہوچکی ہے۔م