پراپرٹی ٹیکس میں جی ایچ ایم سی کو 3000 کروڑ کی آمدنی کا نشانہ

   

حیدرآباد میں صفائی کی خصوصی مہم، روزانہ نو ہزار میٹرک ٹن کچرے کی نکاسی : آر وی کرنن

حیدرآباد ۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن نے کہا کہ 2026 میں حیدرآباد کو صحت و صفائی کے معاملہ میں ملک کے نمبر ون شہر میں تبدیل کرنے کے مقصد سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 میں صحت و صفائی اور کلین اینڈ گرین کے شعبہ میں جی ایچ ایم سی کو ملک میں چھٹواں مقام حاصل ہوا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود 650 مربع کیلو میٹر سے بڑھ کر 2000 مربع کیلو میٹر ہوچکے ہیں اور بلدی وارڈس کی تعداد 300 ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں روزانہ 9000 میٹرک ٹن کچرے کی نکاسی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کی نکاسی اور شہر کے باہری علاقوں میں ڈالنے کیلئے ڈمپنگ یارڈس اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر 300 بلدی وارڈس میں صفائی کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالیاتی سال میں پراپرٹی ٹیکس کے طور پر بلدیہ کو 3000 کروڑ کے حصول کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ جی آئی ایس سروے کے ذریعہ تقریباً 14 لاکھ جائیدادوں کا سروے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد افراد پراپرٹی ٹیکس مقررہ ٹیکس سے کم ادا کر رہے ہیں۔ آر وی کرنن نے کہا کہ درمیانی افراد کی مداخلت کے بغیر عوام جی ایچ ایم سی کے ویب سائیٹ اور ایپ کے ذریعہ ٹیکس ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے زیر تعمیر فلائی اوورس کو اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ سٹی پراجکٹ کے تحت 32 مختلف ترقیاتی کاموں کا جلد آغاز ہوگا۔1