پراپرٹی ٹیکس کے فیصلے پر نظر ثانی کی ضرورت:آزاد

   

سری نگر : جموں وکشمیر ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے بانی غلام نبی آزاد نے جمعے کے روز کہاکہ ایل جی انتظامیہ کو پراپرٹی ٹیکس کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ فیصلہ منتخب حکومت پر ہی چھوڑنا چاہئے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ چونکہ جموں وکشمیر میں اس وقت منتخب حکومت نہیں لہذا ایل جی انتظامیہ کو پراپرٹی ٹیکس کے فیصلے کو واپس لینا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ منتخب حکومت ہی اس پر کوئی فیصلہ لے سکتی ہے ۔اُن کے مطابق اگر جموں وکشمیر میں منتخب حکومت بھی ہو تب بھی وہ اس کو لاگو کرنے کی پوزیشن میں نہیں کیونکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی معاشی صورتحال کافی خراب ہے ۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ ملی ٹینسی نے جموں وکشمیر کو کافی نقصان پہنچایا ، یہاں کے لوگوں کے پاس روزگار نہیں تو اس سب کو دھیان میں رکھ کر ایل جی انتظامیہ کو فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔