پربھاکر ریڈی پر حملہ سنسنی پیداکرنے کیلئے کیا گیا: کمشنر پولیس

   

ملزم کو 14 دن کی عدالتی تحویل
حیدرآباد۔یکم؍ نومبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن پارلیمنٹ اور دوباک کے اسمبلی امیدوار کے پربھاکر ریڈی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم راجو کو پولیس نے 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا ہے۔ کمشنر پولیس سدی پیٹ شویتا نے بتایا کہ 30 اکٹوبر کو سورم پلی میں پربھاکر ریڈی پر حملہ کرنے والے راجو کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حملہ کے بعد رکن پارلیمنٹ کے حامیوں اور برہم ہجوم نے راجو پر حملہ کیا۔ حملہ سے متعلق تمام ثبوت اکٹھا کئے گئے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ حملہ آور بعض نیوز چینلس کیلئے رپورٹر کے طور کام کرتا ہے۔ ایک ہفتہ قبل اس نے چاقو خریدا اور پربھاکر ریڈی پر حملہ کی منصوبہ بندی کی۔ حملہ آور کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں 14 دن کی تحویل میں دیا گیا۔ کمشنر پولیس کے مطابق حملہ کے سلسلہ میںکسی اور کی مدد کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں اشتعال انگیز پوسٹس کرتے ہوئے انتخابی ماحول کو بگاڑنے کی کوششوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ حملہ آور نے کسی کی مدد کے بغیر ہی تنہا حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنسنی پیدا کرنے کیلئے یہ حملہ کیا گیا اور ابتدائی تحقیقات میں یہ بات منظرعام پر آئی ہے۔
شویتا کے مطابق پولیس تمام زاویوں سے اس واقعہ کی جانچ کرے گی۔