پرتشدد مظاہروں کے بعد بغداد میں کرفیو کا نفاذ

,

   

بغداد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے مختلف شہروں میں گذشتہ دو روز سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد حکومت نے دارالحکومت بغداد میں آج جمعرات کی صبح 5 بجے سے غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو لگا دیا ہے۔عراق میں دو دن قبل بدعنوانی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع ہوا تھا۔ آغاز میں مظاہرے پرامن تھے مگر جلد ہی مظاہرین نے پر تشدد طریقے استعمال کرنا شروع کردیے۔ وزیراعظم عادل عبد المہدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ جمعرات کی صبح 5 بجے سے تا اطلاع ثانی کرفیو نافذ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بغداد ہوائی اڈے پر جانے والے مسافروں ، ایمبولینسوں اور بیمارافراد کو کرفیو میں نقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔بیان میں کہا گیا ہے سروسس ڈپارٹمنٹ جیسے ہاسپٹلس اور بجلی کے شعبوں کے کارکنوں کو بھی کرفیو سے استثنیٰ حاصل رہے گا۔