پرتھ میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ، راہول زخمی

   

پرتھ ۔ ہندوستانی ٹیم کو 22 نومبر سے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ کھیلنا ہے۔ ہندوستانی ٹیم پرتھ میں ہونے والے اس میچ سے قبل پریکٹس کر رہی ہے۔ جمعہ کو ہندوستانی بیٹرس اوربولروں نے میچ جیسے حالات میں پریکٹس کی اور اس کے بعد جوکچھ دیکھاگیا وہ ہندوستانی شائقین کے ماتھے پر شکن ڈالنے والا ہے، کیونکہ پرتھ میں ٹیم انڈیا کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہوا۔ نہ جیسوال، نہ ویراٹ کوہلی اور تو اور شبمن گل بھی سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ رشبھ پنت بھی جلد آؤٹ ہو ئے۔ کے ایل راہول کے ساتھ بہت برا ہوا، یہ کھلاڑی زخمی ہوا اور اسے میدان چھوڑنا پڑا۔ پرتھ میں ہندوستانی بیٹرس کی ناکامی ایک تشویش کا باعث ہے ۔ یشسوی جیسوال اور کے ایل راہول اوپننگ پر آئے، دونوں نے جارحانہ آغازکیا لیکن جیسوال اس جارحیت کا شکار ہوئے۔ یہ کھلاڑی 15 رنزکے ذاتی سکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھا۔ کے ایل راہول بہت اچھے لگ رہے تھے۔ وہ شارٹ گیند کے خلاف بھی کافی آرام دہ لگ رہے تھے لیکن پرسدھ کرشنا کے ایک باؤنسر نے انہیں زخمی کردیا۔ گیند راہول کی کہنی پر لگی اور وہ درد سے کراہتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔ ویراٹ کوہلی نے بھی پرتھ میں اچھی شروعات کی لیکن انہوں نے ایک بار پھر اپنی پرانی غلطی دہرائی۔ ویراٹ کوہلی ڈرائیو کی کوشش کرتے ہوئے دوسری سلپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مکیش کمار نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ ویراٹ کوہلی اکثر اس شاٹ پر اپنی وکٹ گنوا دیتے ہیں اور اس بار بھی انہوں نے یہ ہی غلطی کی۔ ویراٹ نے بھی صرف 15 رنز بنائے۔ شبھمن گل نے یقینی طور پر کریز پر وقت گزارنے کی کوشش کی۔ وہ دو گھنٹے تک کریز پر رہے لیکن اس کے بعد وہ اپنا قابوکھو بیٹھے اور28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ گزشتہ دورے میں ٹیم انڈیا کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے رشبھ پنت نے بھی طویل اننگز نہیں کھیلی۔ پنت شارٹ پچ گیندوں پر کافی بے چین نظر آئے، انہوں نے 19 رنزکے ذاتی اسکور پر اپنا وکٹ گنوایا۔ نتیش ریڈی نے انہیں بولڈ کیا۔