پرجا پالنا ‘تین دن میں 40 لاکھ سے زائد درخواستیں

   

چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو موثر انتظامات کی ہدایت دی
حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے انکشاف کیا کہ پرجا پالنا کے تحت 6 ضمانتوں سے استفادہ کیلئے گذشتہ تین دن میں 4057592 درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 ڈسمبر سے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوا اور 6 جنوری تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ سرکاری تعطیلات میں یہ سہولت نہیں رہے گی۔ شانتی کماری نے بتایا کہ درخواستوں کی وصولی کے تیسرے دن یعنی ہفتہ کو جملہ 1829107 درخواستیں داخل کی گئیں۔ 1991 دیہاتوں و 1877 میونسپل وارڈز سے یہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 5 ضمانتوں سے متعلق 1588720 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ دیگر امور کیلئے 240387 درخواستیں ملی ہیں۔ چیف سکریٹری کے مطابق گذشتہ تین دن میں 3868 گرام پنچایتوں اور 8697 میونسپل وارڈز میں پرجا پالنا کا اہتمام کیا گیا۔ درخواستوں کی وصولی کے دوسرے دن جمعہ کو812862 درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ دفاتر میں درخواست فارمس دستیاب رکھیں اور درخواستوں کے ادخال میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔1