پرجا پالنا میں پیش کردہ عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے چیف سکریٹری کی ہدایت

   

ضلع واری سطح پر پروگریس رپورٹ کا جائزہ، اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام پر عمل آوری کا محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ ریاست بھر میں 6 مارچ سے 12 جون تک اس پروگرام پر عمل کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے پرجا پالنا پروگرام کے تحت مختلف محکمہ جات کی جانب سے اسکیمات پر عمل آوری اور مقررہ نشانوں کی تکمیل کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ضلع واری سطح سے گرام پنچایت تک سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کی گئی۔ مختلف اضلاع میں پروگرام کی نگرانی کرنے والے نوڈل آفیسرس نے چیف سکریٹری کو درپیش مسائل اور چیلنجس سے واقف کرایا جو 99 روزہ پروگرام کے دوران عہدیداروں کو سامنا کرنا پڑا۔ ضلع نظم و نسق کی جانب سے پروگرام پر کامیاب عمل آوری کی حکمت عملی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو نے نوڈل آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پرجا پالنا میں پیش کئے گئے مسائل کا جائزہ لیں جن کی فوری یکسوئی ممکن ہے۔ انہوں نے مالیاتی اور غیر مالیاتی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ محکمہ جات کو ایسے امور پر فوری توجہ دینی چاہئے جن کی یکسوئی میں بجٹ درکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فائدہ پہنچانے والے امور کی یکسوئی عہدیداروںکی اولین ترجیح ہونی چاہئے جو بہتر کارکردگی کو ثابت کرے گی۔ اجلاس میں سکریٹری پلاننگ گورو اپل نے 99 روزہ پرجا پالنا پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ پروگریس رپورٹ پیش کی۔ مختلف محکمہ جات کے اسپیشل چیف سکریٹریز اور پرنسپل سکریٹریز نے محکمہ جاتی کارکردگی سے واقف کرایا۔1/k/m/b