پرجا پالنا کی 80 فیصد درخواستوں کا آن لائن کام مکمل

   

بہت جلد کام کی تکمیل ، ابھئے ہستم کا کام بھی تیزی سے جاری
حیدرآباد۔18جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے وصول کئے جانے والے پرجا پالنا پروگرام کے دوران درخواستوں میں 80 فیصد درخواستوں کو آن لائن کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ چند یوم میں مابقی درخواستوں کو بھی آن لائن کردیا جائے گا۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ گذشتہ یوم تک موصول ہونے والی رپورٹ میں ’ابھئے ہستم‘ درخواست فارمس کو آن لائن کرنے کے متعلق حاصل کی گئی تفصیلات کے دوران اس بات کی اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ریاست بھر میں 77 فیصد درخواستوں کو آن لائن کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔چیف سیکریٹری نے ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کو ان درخواستوں کو آن لائن کرنے کے عمل کی نگرانی کرنے اور ہر 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن گذشتہ تین یوم کے دوران مسلسل تعطیلات کے سبب ان درخواستوں کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکی تھیں لیکن آج تمام اضلاع سے رپورٹ وصول کرنے کے بعد جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ریاست بھر میں ابھئے ہستم کے تحت وصول کی گئی درخواستوں میں جملہ 81 فیصد درخواستوں کو آن لائن کیا جاچکا ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران مابقی درخواستوں کو بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پنچایت راج اداروں‘ بلدی دفاتر کے علاوہ ضلع کلکٹریٹ کے دفاتر میں پرجا پالنا پروگرام کے دوران وصول کی گئی درخواستوں کو آن لائن کرنے کا عمل جاری ہے اور ان درخواستوں کو آن لائن کردیئے جانے کے بعد درخواست گذاروں کو ان کی درخواستوں تک رسائی فراہم کروائی جانے کا امکان ہے تاکہ اگر کسی درخواست میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو اسے پورا کیا جاسکے اور درخواست گذاروں کو ان کے موقف کی بھی اطلاع مل سکے۔3