پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 1.1کروڑ مکانات کی تعمیر کی منظوری

   


1.1 کروڑ کے منجملہ 70 لاکھ مکانات زیر تعمیر۔ 41 لاکھ کی تعمیر مکمل،امکنہ و شہری اُمور کے سکریٹری کا اجلاس

نئی دہلی : مرکزی حکومت کے اہم پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت اب تک 1.1 کروڑ مکانات کی تعمیر کو منظوری دی جاچکی ہے جس میں سے 70 لاکھ سے زیادہ مکانات مختلف مراحل میں ہیں اور 41 لاکھ سے زیادہ مکانات تعمیر ہوچکے ہیں۔ پردھان منتری آواس یوجنا۔ شہری ٹیکس سنٹرل کلیئرنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے 52 ویں اجلاس میں 168,606 مکانوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ اس میٹنگ میں 14 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں نے حصہ لیا۔ اجلاس کی صدارت یونین ہاؤسنگ اور شہری امور کے سکریٹری درگا شنکر مشرا نے کی۔میٹنگ میں مسٹر مشرا نے بتایا کہ متعدد ریاستوں نے ماحولیاتی وجوہات ، بین شہری نقل مکانی اور مختلف قسم کے مستفید افراد کے لئے طے شدہ ترجیحات میں تبدیلیوں کی وجہ سے زمین کے سائز میں بدلاؤ کی وجہ سے مجوزہ منصوبے کا جائزہ لینے کی تجویزپیش کی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت 70 لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں اور 41 لاکھ سے زیادہ مکانات تعمیر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں سے پردھان منتری آواس یوجنا کو تیزی سے نافذ کرنے کی درخواست کی۔مشرا نے بتایا کہ “اس اسکیم کے تحت تعمیراتی کام تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے مکانات جلد مستفید افراد کو فراہم کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں سے بھی سستے نرخوں پر کرایہ پر مکانات کی فراہمی کی اسکیم پر عملدرآمد کو تیز تر کرنے کو کہا۔ مشرا نے بتایا کہ تریپورہ کے اگرتلا ، جھارکھنڈ کے رانچی ، اترپردیش کے لکھنؤ ، مدھیہ پردیش کے اندور ، گجرات کے راجکوٹ اور تمل ناڈو کے چنئی جیسے شہروں میں شروع کئے گئے “لائٹ ہاؤس” پروجیکٹ سے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو سبق سیکھنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بڑے پیمانے پر رہائش گاہیں تعمیر کرنے کے لئے اس تکنیک پر عمل کیا جانا چاہئے۔ کووڈ۔ 19 وبا کے دوران سینٹرل کلیئرنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا یہ دوسرا اجلاس تھا۔ وزارت ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نے 2022 تک ملک کے تمام مستحقین کو پکے مکانات فراہم کرنے کا ہدف طے کیا ہے ۔ ملک 2022 میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ منانے جارہا ہے ۔ پردھان منتری آواس یوجنا سب کے لئے ایک گھر کا تصور پیش کرتی ہے ۔ اس کے لئے پورے ملک میں سستی نرخوں پر مکانات کی تیزی سے تعمیر پر زور دیا جارہا ہے ۔