پردیش کانگریس کی جمبو عاملہ کا اعلان، 27 نائب صدور اور 69 جنرل سکریٹریز

   

نائب صدور میں 3 اور جنرل سکریٹریز میں 6 مسلم قائدین، کمزور طبقات کو پارٹی عہدوں میں ترجیح، ورکنگ پریسیڈنٹ کا انتخاب باقی
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کمیٹی کی جمبو عاملہ کو منظوری دی ہے۔ 27 نائب صدور اور 69 جنرل سکریٹریز کے ناموں کو صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے منظوری دے دی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی اُمور کے سی وینو گوپال نے احکامات جاری کئے۔ ہائی کمان نے ورکنگ پریسیڈنٹس کے ناموں کو تاحال منظوری نہیں دی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ بعض ناموں پر اختلاف رائے کے سبب ہائی کمان نے اعلان کو مؤخر کردیا ہے۔ نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کے ناموں میں کمزور طبقات کو ترجیح دی گئی ہے اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے مطابق پارٹی سے طویل عرصہ سے وابستہ قائدین کو نمائندگی دی گئی۔ 27 نائب صدور میں 47 فیصد نمائندگی ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کو دی گئی ہے جن میں بی سی طبقہ کے 8، ایس سی 5، ایس ٹی 2 اور مسلم اقلیت کے 3 قائدین شامل ہیں۔ 69 جنرل سکریٹریز میں 68 فیصد نمائندگی کمزور طبقات کو دی گئی ہے۔ بی سی طبقہ کے 26، ایس سی 9، ایس ٹی 4 اور مسلم اقلیت کے 6 قائدین کو شامل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زیادہ تر قائدین وہ ہیں جو گزشتہ 20 برسوں سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ساتھ این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس میں کام کرنے والے کئی قائدین کو عاملہ میں جگہ دی گئی۔ 27 نائب صدور میں رکن پارلیمنٹ کے رگھوویر ریڈی، رکن اسمبلی این راجندر ریڈی، رکن اسمبلی ڈاکٹر ومشی کرشنا، رکن کونسل بی وینکٹ، رکن کونسل بسواراج ساریا کے علاوہ مسلم اقلیت کے قائدین میں ایم اے فہیم (سنگاریڈی)، افسر یوسف زئی اور نواب مجاہد عالم خاں شامل ہیں۔ 69 جنرل سکریٹریز میں رکن اسمبلی وی بجو، رکن اسمبلی شریمتی پرنیکا ریڈی، رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم راگامائی کے علاوہ مسلم اقلیت کے قائدین میں محمد عبدالفہیم، محمد خواجہ فخرالدین، محمد صابر علی، محترمہ شمیم آغا، رحمت حسین، محمد اسدالدین شامل ہیں۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کے لئے 4 قائدین کے نام ہائی کمان کے پاس زیرغور بتائے جاتے ہیں جن کا تعلق ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت سے ہے۔ اقلیتی طبقہ سے اِس عہدہ کے اہم دعویداروں میں محمد فیروز خان، محمد اظہرالدین اور فہیم قریشی شامل ہیں۔ ناموں پر اتفاق رائے کے بعد ورکنگ پریسیڈنٹس کی فہرست جاری کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اِس مسئلہ کو ہائی کمان پر چھوڑ دیا ہے اور توقع ہے کہ اندرون 2 یوم فہرست کو کے سی وینو گوپال منظوری دے دیں گے۔1