پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں شامل ہوں : جگا ریڈی

   

حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ اگر پردیش کانگریس کی صدارت میں تبدیلی کرنی ہے تو بلدی انتخابات کے بعد کرنی چاہیئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر کی تبدیلی کے بارے میں نئی دہلی سے مختلف اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عہدہ کے پارٹی میں کئی دعویدار ہیں اور ان میں بعض عہدہ کی اہلیت بھی رکھتے ہیں۔ ہائی کمان جسے بھی نیا صدر مقرر کرے تمام قائدین کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔ جگا ریڈی نے انکشاف کیا کہ وہ خود بھی پی سی سی صدارت کی دوڑ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ایک موقع دیا گیا تو وہ پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے عوامی مسائل پر جدوجہد کے ذریعہ پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کی کوشش کریں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے ابھی تک جن فلاحی اسکیمات کا اعلان کیا ہے ان کے پاس اس سے بہتر اسکیمات موجود ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے عہدہ کے لالچ کے بغیر کام کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ 17 نومبر کو وہ نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، احمد پٹیل، کے سی وینو گوپال اور آر سی کنتیا سے ملاقات کریں گے۔