آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار کے نام سے رقمی وصولی ، عہدیدار کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) ٹکنالوجی کا غلط استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دینا عام بات ہوگئی ہے، لیکن اب سائبر دھوکہ بازی کی ان حرکتوں سے آئی اے ایس عہدیدار بھی محفوظ نہیں رہے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق تلنگانہ اروند کمار کے نام کا استعمال کرتے ہوئے عہدیداروں سے رقمی مطالبہ کرنے کا واقعہ منظر عام پر آیا۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ اس بات کی شکایت خود اروند کمار نے کی اور فوری اپنے ٹوئٹر کے ذریعہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو باور کیا کہ وہ ایسی کسی بھی حرکت سے چوکنا رہے۔ درحقیقت ایک اجنبی دھوکہ باز شخص نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کو فون کرتے ہوئے رقمی مطالبہ کررہا تھا۔ اس اجنبی نے ابھی اصل شناخت کو چھپاکر خود کو اروند کمار ظاہر کیا، اروند کمار کی تصویر ڈی پی پر رکھا اور ٹروکالر میں چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے کچھ اس طرح سے اقدام کیا کہ اس کے فون نمبر پر شناخت اروند کمار کی بتا رہا تھا تاکہ یہ ظاہر ہوسکے کہ فون درحقیقت اروند کمار ہی کررہے ہیں۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد اروند کمار چوکس ہوگئے اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ انہوں نے عہدیداروں کو چوکنا کیا اور انسپکٹر ایچ ایم ڈی اے کو ہدایت دی کہ فوری اس بات کی شکایت پولیس سے کرے۔ پرنسپل سکریٹری کی ہدایت پر انسپکٹر وینکٹیش نے جوبلی بلز پولیس سے شکایت کردی اور تحقیقات جاری ہیں۔ ع