ایک کروڑ 57 لاکھ 33 ہزار 278 روپے جائیداد ٹیکس جمع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔6جولائی (سیاست نیوز) شہر میں محصول جائیداد کی وصولی مہم کے تحت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پرنسپل گورنمنٹ ہائی اسکول کالی کمان موقوعہ رنمست پورہ کو 1کروڑ 57لاکھ 33ہزار 378روپئے جمع کروانے کی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر سرکل نمبر 10 فلک نما کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس کے مطابق سال 2000 سے اب تک مذکورہ جائیداد کا ٹیکس ادا نہیں کیا گیا اور اس ٹیکس کی وصولی کیلئے جی ایچ ایم سی نے کاروائی کافیصلہ کیا ہے۔ مختلف سرکاری محکمہ جات کی جانب سے جی ایچ ایم سی کو کروڑہا روپئے محصول جائیداد ادا شدنی ہے۔ وزارت بلدی نظم و نسق کی ہدایت کے مطابق یہ کاروائی کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی پرنسپل اسکول کو جاری ڈیمانڈ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2000-2001 سے 2022-2023 تک کوئی جائیداد ٹیکس ادا نہیں کیا گیا ہے بتایاجاتا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے اس نوٹس سے متعلقہ عہدیداروں کو واقف کروادیا ہے اور اس بات کی خواہش کی ہے کہ اس سے قبل کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کوئی اور کاروائی کی جائے جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں۔بلدی عہدیدارو ںنے بتایا کہ جائیداد ٹیکس وصولی کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کو موصول ہدایات کے مطابق ان جائیداد وں کے مالکین کو نوٹسیں جاری کی جا رہی ہیں جن جائیدادوں کے مالکین نے طویل مدت سے جائیداد ٹیکس ادا نہیں کیا ہے۔اسکول انتظامیہ کے مطابق جی ایچ ایم سی نے 28جون کو جو نوٹس جاری کیا ہے اس میں اسکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد ازجلد اس جائیداد کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائے۔سرکاری اسکول کو جاری کی جانے والی اس نوٹس کے سلسلہ میں ریاستی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں اور ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے رقومات کی اجرائی کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کو آسانی ہو جو کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے فنڈس کی قلت کا شکار ہے اور ٹیکس وصولی میںمصروف ہے۔م