پروازوں کی بحالی بعد انڈونیشیا سے عمرہ زائرین کے پہلے وفد کی آمد

   

ریاض : سعودی عرب میں پروازوں کی بحالی کے بعد انڈونیشیا سے عمرہ زائرین کا پہلا وفد جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’عمرہ زائرین کو ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ لے جایا گیا جہاں وہ عمرہ کی ادائیگی سے پہلے قرنطینہ کی مقررہ مدت ہوٹل میں گزاریں گے‘۔’عمرہ زائرین کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے اور ہر طرح کی خدمت کے لیے متعلقہ اداروں نے تیاریاں کر لی ہیں‘۔’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت کے علاوہ وزیر حج و عمرہ محمد صالح بنتن کی رہنمائی میں عمرہ زائرین کی میزبانی کی جا رہی ہے‘۔وزارت نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ’سعودی عرب پہنچنے سے لے کر روانگی تک سلامتی کے اصولوں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے‘۔’منتظمین کی رہنمائی میں عمرہ اور زیارت کے تمام مراحل طے ہوں گے تاہم ہدایات کی پابندی میں آپ کی سلامتی ہے‘۔