نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ممتاز سائنس داں اور علوم نباتات کی ماہر پروفیسر تسنیم فاطمہ کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کاپرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے رجسٹرار ڈاکٹر ناظم حسین جعفری نے آفس آرڈر میں یہ اطلاع دی ہے ۔ آفس آرڈ کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے اپنے دستوری اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ممتاز سائنس داں پروفیسر تسنیم فاطمہ کو پرو وائس چانسلر مقرر کیا ہے اور اس کی اطلاع محکمہ اعلیٰ تعلیمات، مرکزی وزارت تعلیم، چیئرمین یونیورسٹی گرانٹس کمیشن، سکریٹری جنرل، ایسو سی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز اور چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ سمیت تمام متعلقہ دفاتر کو ارسال کردی ہے ۔ پروفیسر تسنیم فاطمہ کا شمار ہندوستان کی ممتاز سائنس دانوں میں ہوتا ہے ۔ انھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں تقریباً چالیس سالہ تدریسی خدمات کے دوران کئی اعلیٰ اور معیاری تحقیقی کارنامے انجام دیے ۔