پرکاشم بیاریج کی سطح آب میں زبردست اضافہ ‘ حکام چوکس

   

Ferty9 Clinic

جورالا سے پانی کی آمد میں تیزی ۔ کلکٹریٹ و سب کلکٹریٹ دفاتر میں کنٹرول رومس کا قیام

امراوتی 13 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) وجئے واڑہ میں دریائے کرشنا پر بنائے گئے پرکاشم بیاریج کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آب گیر علاقوں میں زبردست بارش اورسیلاب کی صورتحال کی وجہ سے اس بیاریج کی سطح تقریبا ایک دہے کے بعد پر ہونے کے خریب ہے ۔ اس صورتحال میں عہدیداروں کی جانب سے دریا کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں احتیاطی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ زائد از 4.52 لاکھ کیوسکس پانی پولی چنتلہ ذخیرہ آب سے پرکاشم بیاریج میں پہونچا ہے ۔ پولی چنتلہ پراجیکٹ بھی شائد پہلی بار 5.80 لاکھ کیوسکس پانی کی آمد کی وجہ سے پر ہو رہا ہے ۔ محکمہ آبی وسائل کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ بالائی حصوں اور جورالہ پراجیکٹ سے 8 لاکھ کیوسکس پانی کی آمد کے بعد سری سیلم کے ذخیرہ آب میں بھی پانی کا وافر ذخیرہ موجود رہے گا ۔ سری سیلم سے بھاری مقدار میں پانی خارج بھی کیا جاچکا ہے جس کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں موجود ذخائر آب اور آبپاشی پراجیکٹس کی سطح آب میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ ناگرجنا ساگر کی سطح آب بھی پر ہونے کے قریب ہے اور یہاں بھی پانی کا ان فلو بہت تیز ہوگیا ہے ۔ پولی چنتلہ پراجیکٹ کی جملہ گنجائش 45.77 ٹی ایم سی فیٹ کی بتائی گئی ہے اور فی الحال سطح آب 23.82 ٹی ایم سی فیٹ بتائی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چونکہ مزید پانی کی آمد کے امکانات ہیں اور پانی کا بہاو بھی تیز ہے اسی وجہ سے یہاں سے 4.22 لاکھ کیوسکس پانی کو خارج بھی کیا جا رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اکٹوبر 2009 میں پرکاشم بیاریج میں ریکارڈ 11 لاکھ کیوسکس پانی کی آمد ہوئی تھی ۔ اس کے بعد کے برسوں میں تاہم بہت زیادہ پانی جمع نہیں ہوسکا تھا اور دریائے کرشنا عملا خشک ہونے لگی تھی ۔ کرشنا ضلع انتظامیہ اور وجئے واڑہ میونسپل کارپوریشن کا انتظامیہ پانی کے بہاو کو دیکھتے ہوئے چوکس ہوگیا ہے اور یہاں احتیاطی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ دریا کے اطراف نشیبی علاقوں میں احتیاطی اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ ضلع کلکٹوریٹ میں کنٹرول رومس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سب کلکٹرس آفس میں بھی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے ۔