حیدرآباد 19 اگست (یواین آئی) آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر پراکھر جین نے منگل کو بتایا کہ وجے واڑہ میں پرکاشم بیریج تک پانچ لاکھ کیوسک تک پانی پہنچنے کا امکان ہے ۔اے پی کے کئی علاقوں میں ہوا کے گہرے دبأو کے اثر سے شدید بارش کے باعث دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ جین نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ کرشنا دریا میں پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور پرکاشم بیریج پر پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا ہے جہاں پانچ لاکھ کیوسک تک پانی پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی اور دریا کے کنارے رہنے والے عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ عوام نہروں اور ندیوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ مسلسل بارش کے سبب ان میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے ۔