پرکاش گوڑ کا یو ٹرن ، کانگریس میں شامل نہیں ہوں گے

   

راجندرنگر کے قائدین اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ
حیدرآباد۔/21 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا تسلسل اس وقت ٹوٹ گیا جب راجندر نگر سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کے دوسرے دن واضح کردیا کہ وہ کانگریس میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے۔ پرکاش گوڑ نے اعتراف کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت کے مسلئہ پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے راجندر نگر سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد بی آر ایس میں برقرار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کا فیصلہ تھا کہ میں بی آر ایس میں برقرار رہوں لہذا میں نے کانگریس میں شمولیت کے فیصلہ کو ترک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکنوں سے ان کی مشاورت جاری ہے۔ پرکاش گوڑ نے کے ٹی آر کی جانب سے چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ اسی دوران کانگریس پارٹی نے چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں پارٹی کی کامیابی کیلئے بی آر ایس ارکان اسمبلی کی شمولیت پر توجہ مرکوز کی ہے۔ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کی 7 اسمبلی نشستوں میں 3 پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پارٹی نے راجندر نگر کے علاوہ ایک اور حلقہ کے بی آر ایس رکن اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرنے کی مساعی کی ہے۔1