پرگتی بھون کے 20 ملازمین کورونا متاثر، کے سی آر فارم ہاؤز منتقل

,

   

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد حدود میں کورونا کے پھیلاؤ نے چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پرگتی بھون کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران پرگتی بھون کے 20 ملازمین میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ آوٹ سورسنگ کے علاوہ سیکوریٹی عملہ میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کے بعض ملازمین بھی کورونا سے متاثر ہوئے۔ پرگتی بھون میں کورونا کے پھیلتے ہی سارے پرگتی بھون کو سینیٹائز کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ فارم ہاؤز منتقل ہوچکے ہیں اور وہیں سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ حکومت نے کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد کے حدود میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا منصوبہ بنایا تھا ، تاہم صرف لاک ڈاؤن سے کورونا پر کنٹرول ممکن نہیں ہے۔ اس نظریہ کے تحت حکومت نے اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ کورونا پر کنٹرول کے لئے متبادل اقدامات پر توجہ مبذول کریں۔ چیف منسٹر نے کابینہ کے اجلاس کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔