نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے سادھوی نے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ گوڈسے نے گاندھی جی کے جسم پر گولی چلائی تھی لیکن پرگیہ سنگھ نے ان کی آتما کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی روح کا بھی قتل کیاہے‘ مطالبہ کیاکہ بی جے پی سادھوی کو پارٹی سے نکال کر راج دھرم نبھائے
نئی دہلی۔ناتھو رام گوڈسے پر مالیگاؤں بم دھماکے کی کلیدی ملزم اور بی جے پی لیڈر سادھو ی پرگیہ ٹھاکر کے بیان کے بعد یہ معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے اور اب اس معاملے میں نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی کا بیان سامنے آیا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ گوڈسے نے گاندھی کے جسم کا قتل کیاتھا لیکن پرگیہ جیسے لوگ ان کی روح کے قتل کے ساتھ‘ عد م تشدد‘ امن‘ روداری اور ہندوستان کی روح کا قتل کررہے ہیں۔ گاندھی اقتدار اور سیاست سے اوپر ہیں۔
بی جے پی قیادت معمولی فائدے چھوڑ کر اسے فوراً پارٹی سے نکال کر راج دھرم نبھائے۔دوسری طرف اداکار سے لیڈر بننے والے کمل ہاسن کے ناتھو رام گوڈ سے پر بیان کے طول پکڑنے کے بعد ونچت بہوجن اگاڈی(وی بی اے) کے کوارڈینٹر ڈاکٹر پرکاش امبیڈ کر نے بھی بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل کو دہشت گرد قراردیا ہے۔
وی بی اے کی جانب سے جمعہ کی رات یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں ڈاکٹر پرکاش امبیڈکر نے کہاکہ گوڈ سے دہشت گردتھا او راگر کسی کو اس سلسلے میں ثبوت کی ضرورت ہے تو وہ کسی بھی جگہ اس کا جواب دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی کسی کے قتل کا حق نہیں ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ان کی پارٹی ائندہ اسمبلی انتخابات میں تمام 288سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔
بھوپال سے بی جے پی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن بتایاتھا تاہم چند گھنٹے بعد ہی پرگیا نے اپنا بیان والس لے لیا او رمعافی بھی مانگ لی لیکن اس کی معافی کے بعد بھی تنازع طول پکڑتا جارہا ہے۔
گذشتہ دنوں روڈ شو کررہی پرگیہ ٹھاکر نے ایک سوال کے جواب میں کہاتھا کہ ناتھو رام گوڈ سے محب وطن تھے ہیں او ررہیں گے۔ گوڈ سے کو دہشت گرد بولنے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔ اب کی بار انتخابات میں ایسا بولنے والو ں کو جواب دیاجائے گا۔
اس کے بعد سے ہی پرگیہ ٹھاکر مسلسل سوشیل میڈیا پر تنقید کا سامنا کررہی ہیں۔ واضح رہے کہ سادھوی کے بیان کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ صیافیوں سے لے کر عام لوگوں تک‘ سبھی پرگیہ کے بیان پر شدید تنقید کررہی ہیں۔
بی جے پی ترجمان جی وی ایک نرسمہا راؤ نے اپنے بیان میں کہاتا کہ بی جے پی ان کے بیان سے متفق نہیں ہے او راس کی مذمت کرتی ہے او رپارٹی ان سے وضاحت مانگے گی۔
جمعرات دیر رات سادھوی نے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہاتھا کہ اپنی تنظیم بی جے پی میں یقین رکھتی ہیں اس کی کارکن ہوں او رپارٹی کی لائن ہی میری لائن ہے۔