پرگیہ کے گوڈسے ریمارک پر مودی کی خاموشی افسوسناک : کپل سبل

,

   

گوڈسے نے ہمارے مہاتما کو مارا، سادھوی اب مہاتما کے بچوں کو مار رہی ہے: سدارامیا
نئی دہلی 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر کپل سبل نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دینے بی جے پی لیڈر سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے ریمارکس پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اُٹھایا۔ حلقہ لوک سبھا بھوپال کی بی جے پی امیدوار اور مالیگاؤں دھماکوں کی ملزم پرگیہ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی ستائش کرتے ہوئے محب وطن قرار دیا تھا جس کے بعد اپوزیشن کی طرف سے اس مسئلہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔ سادھوی نے اپنے ریمارکس پر مختلف گوشوں سے شدید تنقیدوں کے درمیان معذرت خواہی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ملک کے لئے مہاتما گاندھی کی خدمات پر اُن کا احترام کرتی ہیں اور اس بات کو فراموش نہیں کیا جانا چاہئے۔ کپل سبل نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ ’جب سادھوی پرگیہ نے کہاکہ ’گوڈسے دیش بھکت ہے اور ودیا ساگر کا مجسمہ تشدد کا شکار بنائے جانے کے باوجود وزیراعظم کی خاموشی پر میں اپنے ملک کے لئے صرف یہی دعا کرسکتا ہوں اور اُمید کرسکتا ہوں کہ ملک کی خاموش اکثریت ضرور ایک دن تشدد کو حاشیہ پر پہونچا دے گی‘‘۔

کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر اور کرناٹک کے سابق چیف منسٹر سدارامیا نے بھی پرگیہ ٹھاکر کے ریمارکس کی مذمت کی اور کہاکہ گوڈسے آر ایس ایس کے نظریہ سے متاثر تھا۔ سدارامیا نے لکھا کہ گوڈسے سنگھ پریوار کے نظریہ سے متاثر تھا اور سادھوی پرگیہ بھی ایسی ہی ہے۔ اول الذکر (گوڈسے) نے مہاتما کو مار دیا اور موخر الذکر (سادھوی) اب مہاتما کے بچوں (پرامن ہندوستانیوں) کو مار رہی ہے۔ سادھوی نے گوڈسے کو حب الوطن قرار دیا اور مودی نے اس کی تائید کی، یہ سب کچھ دراصل سنگھ پریوار کے نفرت انگیز نظریہ کو پھیلانے کی کوشش ہے۔ سادھوی کے گوڈسے ریمارکس پر تنازعہ جاری ہی تھا کہ اس دوران بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر اور کرناٹک کے سابق رکن پارلیمنٹ نلین کمار کمیل نے گوڈسے کا سابق وزیراعظم راجیو گاندھی سے تقابل کردیا جس سے ایک اور تنازعہ پیدا ہوگیا۔ اندور سے موصولہ اطلاع کے بموجب سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ پرگیہ ٹھاکر نے گاندھی جی کے ناتھورام گوڈسے کے ہاتھوں قتل کے بعد انہیں محب وطن قرار دیا ہے اس کے بارے میں بی جے پی نے اپنا موقف بھی واضح کردیا ہے۔ دریں اثناء بی جے پی کے ریاستی ترجمان انیل سومترا کو ان کے عہدہ سے معطل کردیا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر گاندھی جی کو بابائے پاکستان تحریر کیا ہے۔