پریاگ راج:19 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام اترپردیش کے میدانی علاقوں میں رک رک کر ہورہی بارش کے درمیان سنگم نگری پریاگ راج میں گنگا اور جمنا ندیوں میں آئے سیلاب سے 150 سے زیادہ گاؤں سیلاب کی زد میں ہیں اور ہزاروں لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے کر محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرنے کو مجبور ہوگئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ راجستھان اور مدھیہ پردیش کے باندھوں سے چھوڑے گئے پانی سے دونوں ندیوں کے آبی سطح میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ گنگا پھاپھا مئو میں خطرے کے نشان 84.73 میٹر سے 35 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے جبکہ نینی میں جمنا لال نشان کو عبور کر کے 85.00 میٹر پر بہہ رہی ہے ۔رسول آباد سمشان گھاٹ پانی میں ڈوب جانے سے وہاں آخری رسومات کی ادائیگی نہیں ہوپارہی ہے ۔باندھوں اور بیراجوں سے گذشتہ دنوں چھوڑے گئے تقریبا 38 لاکھ کیوسک پانی کا اثر دونوں ندیوں میں دکھائی پڑنے لگا ہے ۔