پریتم چکرورتی کے دفتر سے40 لاکھ روپے کی چوری

   

ممبئی: معروف میوزک ڈائریکٹر پریتم چکرورتی کے ممبئی کے گوریگاؤں میں واقع “یونیمس ریکارڈ پرائیویٹ لمیٹڈ” اسٹوڈیو سے 4 فروری کی دوپہر تقریباً 2 بجے 40 لاکھ روپے کی نقدی چوری ہو گئی۔ اس معاملے میں ملاڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے ، جبکہ پولیس نے 32 سالہ ملازم آشیش سائل کو مرکزی ملزم قرار دے کر اس کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق، چوری کی اطلاع پریتم چکرورتی کے منیجر ونیت چیڈا نے دی، جنہیں ایک پروڈکشن ہاؤس کے نمائندے نے 40 لاکھ روپے نقدی پر مشتمل بیگ دیا تھا۔ یہ رقم ایک ٹرالی بیگ میں محفوظ کر کے اسٹوڈیو میں رکھی گئی، جبکہ منیجر پریتم چکرورتی کے اسی عمارت میں واقع گھر چلے گئے ۔ اس وقت اسٹوڈیو میں آشیش سائل، احمد خان اور کمل دیشا موجود تھے ۔ کچھ دیر بعد جب منیجر واپس آئے تو بیگ غائب تھا۔ عملے سے پوچھنے پر بتایا گیا کہ بیگ پریتم چکرورتی کے گھر بھیج دیا گیا ہے ، لیکن جب منیجر نے ملزم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اس کا فون بند ملا۔ فوراً پریتم چکرورتی کو اطلاع دی گئی، جنہوں نے پولیس میں شکایت درج کرانے کی ہدایت دی۔