پریشان حال عوام کیلئے اناج کی سربراہی

   

حکومت غریب دوست ، وزیر فینانس ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے پریشان حال عوام کو حکومت کی جانب سے اناج اور ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کی دشواریوں کو محسوس کرتے ہوئے نہ صرف سفید راشن کارڈ بلکہ دیگر غریب خاندانوں کے لئے بھی پیاکیج کا اعلان کیا۔ تلنگانہ کی کے سی آر حکومت ’’عوام دوست اور غریب دوست‘‘ حکومت ہے۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے کئی منڈلوں میں آٹو ڈرائیورس اور دیگر ورکرس میں اناج کے کٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے ماسک کی تقسیم عمل میں لائی اور کہا کہ ہر شخص کو باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کرنا چاہئے۔ ہریش راؤ نے سڑکوں پر پان، گٹکھا، زردہ تھوکنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ ہم سماج کو کورونا سے بچا سکتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہر خاندان کیلئے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کافی ہوں گے۔ نقدی رقم بینک اکاؤنٹس میں جمع کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ کو کورونا سے پاک کرنے کیلئے ہر شخص کو حکام سے تعاون کرنا چاہئے۔