پرینکا نے بخار کی وجہ سے اموات پر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

   

نئی دہلی: ریاست میں وائرل بخار کے سبب 100سے زائد افراد کی موت ہوجانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اترپردیش کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز کہا کہ ریاستی حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کررہی ہے ۔پرینکا گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اترپردیش میں، وائرل بخار کیے سبب 100 سے زائد افراد مر چکے ہیں اور اس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔ ریاستی حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے کورونا وائرس کی دوسری لہر نے زبردست تباہی مچائی تھی لیکن ریاستی حکومت نے اس سے کوئی سبق نہیں لیا۔انہوں نے ریاستی حکومت سے وائرل بخار پر قابو پانے کے لیے فوری ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وائرل بخار سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر تمام وسائل مہیا کیے جائیں اور متاثرہ افراد کو فوری طور پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں۔