منوگوڑ کی شکست کا جائزہ، تلنگانہ میں اپوزیشن قائدین کے فون ٹیاپنگ: مدھو یاشکی گوڑ
حیدرآباد ۔11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے خلیجی ممالک میں روزگار سے محرومی کے نتیجہ میں پریشان حال ہندوستانیوں اور خاص طور پر تلنگانہ کے باشندوں کی واپسی اور بازآبادکاری پر توجہ دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ کانگریس کی تشہیر کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ کے باشندوں کی واپسی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کو مداخلت کرنی چاہئے ۔ کے سی آر نے ریاست میں این آر آئی سیل قائم کرنے اور این آر آئیز کے امور پر علحدہ وزارت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قطر نے 25 ہزار سے زائد ہندوستانی روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور واپسی کے منتظر ہیں۔ قطر میں فٹبال کے بین الاقوامی مقابلوں سے عین قبل ہزاروں ہندوستانی ورکرس کو وطن واپسی کی ہدایات دی گئی ہے لیکن تلنگانہ حکومت نے آج تک پریشان حال ہندوستانیوں پر توجہ نہیں دی۔ مدھو یاشکی گوڑ کے مطابق قطر میں پریشان حال تلنگانہ کے باشندوں نے حکومت کو اپنی تفصیلات روانہ کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خلیج میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کو تلنگانہ حکومت نے راشن کارڈ سے محروم کردیا ہے ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ قطر سے واپس ہونے والے ہندوستانیوں کی بازآبادکاری کو یقینی بنائیں۔ منوگوڑ میں پارٹی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ پارٹی اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ عوام کانگریس سے دور کیوں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پرینکا گاندھی عنقریب تلنگانہ پارٹی امور کی ذمہ داری سنبھال لیں گی اور ریاست میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لیں گی۔ صرف جائزہ نہیں بلکہ پارٹی کے استحکام کی حکمت عملی تیار کی جائیں گی۔ بھارت جوڑو یاترا میں تلنگانہ کے قائدین نے اتحاد کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ڈسپلن شکنی کا مرتکب ہوگا ، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاسی قائدین کے فون ٹیاپنگ کا معاملہ تشویشناک ہے۔ گورنر کو اگر فون ٹیاپنگ کا شبہ ہے تو مرکزی وزارت داخلہ سے رجوع کرنا چاہئے۔ کے سی آر حکومت اپوزیشن کے فون ٹیاپ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی شراب پالیسی کی سی بی آئی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ ر