کانگریس کا شدید ردعمل، بی جے پی پر خواتین مخالفت ذہنیت کا الزام ، قومی کمیشن برائے خواتین میں شکایت
نئی دہلی: دہلی میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری نے کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض بیان دیکر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ دہلی کے کالکاجی سے بی جے پی کے امیدوار بنائے گئے رمیش بدھوری نے اتوار کو ایک بڑا تنازعہ کھڑا کر دیا جب انہوں نے کہا کہ اگر وہ آئندہ انتخابات جیت گئے تو وہ اپنے اسمبلی حلقے کی سڑکوں کو کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کے گالوں کی طرح چمکائیں گے۔ ان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے بی جے پی پر خواتین مخالف ذہنیت رکھنے کا الزام لگایا۔ کانگریس لیڈر نے بدھوری کے خلاف قومی کمیشن برائے خواتین میں شکایت درج کرائی ہے۔ ویڈیو میں بدھوری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’’لالو یادو نے ایک بار دعویٰ کیا تھا کہ وہ بہار کی سڑکوں کو ہیما مالنی کے گالوں کی طرح چمکائیں گے، لیکن وہ اس وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہے تاہم میں یقین دلاتا ہوں کہ جس طرح ہم نے اوکھلا اور سنگم وہار کی سڑکوں کو تبدیل کیا ہے، اسی طرح ہم کالکاجی کی ہر سڑک کو پرینکا گاندھی کے گالوں کی طرح چمکائیں گے‘‘۔ کانگریس لیڈر سپریا شرینیت نے کہا کہ بی جے پی انتہائی خواتین مخالف ہے۔ پرینکا گاندھی کے حوالے سے رمیش بدھوری کا بیان نہ صرف شرمناک ہے بلکہ خواتین کے تئیں ان کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے، لیکن ایک ایسے شخص سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے جس نے ایوان میں اپنے ساتھی رکن اسمبلی کے ساتھ بدسلوکی کی ہو اور اسے کوئی سزا نہ ملی ہو۔ یہ ہے بی جے پی کا اصلی چہرہ۔ کیا بی جے پی کی خواتین لیڈران، ویمن ڈیولپمنٹ منسٹر، نڈا جی یا خود وزیراعظم اس گھٹیا زبان اور سوچ پر کچھ کہیں گے؟ دراصل مودی جی خود اس بری زبان اور عورتوں کے خلاف سوچ کے باپ ہیںجو منگل سوتر اور مجرا جیسے الفاظ بولتے ہیں، تو ان کے لوگ اور کیا کہیں گے؟ معاملہ کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے بدھوری نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔