کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز ، روڈ میاپ کو آج قطعیت ، قائدین میں اتحاد کا مظاہرہ اہم مقصد
کانگریس اسکریننگ کمیٹی میں محمد علی شبیر شامل
حیدرآباد /6 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کی بس یاترا سے ہوگا جس کا آغاز 13 اکٹوبر کو متوقع ہے ۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کی انتخآبی مہم کی ذمہ داری پرینکا گاندھی کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کیڈر میں جو جوش و خروش پیدا ہو اور عوام کو کانگریس سے قریب کیا جاسکے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی و جنرل سکریٹری انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرکے 13 اکٹوبر سے بس یاترا کے آغاز کی منظوری حاصل کی ۔ پرینکا گاندھی 3 دن تک بس یاترا میں شریک رہیں گی ۔ جس کے تحت 50 سے زائد اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائیگا ۔ بس میں تلنگانہ کے تمام سینئیر قائدین موجود رہیں گے ۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی و مانک راؤ ٹھاکرے کل ہفتہ کو پرینکا گاندھی سے ملاقات کرینگے ۔ جس میں روٹ میاپ کو قطعیت دی جائے گی ۔پرینکا گاندھی سے ملاقات کے بعد بس یاترا کا شیڈول جاری کیا جائیگا ۔ ہائی کمان نے 2 مراحل کی بس یاترا کا منصوبہ بنایا ہے ۔ جس میں تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائیگا ۔ گروہ بندیوں کے خاتمہ اور اتحاد کے مظاہرہ میں بس یاترا اہم رول ادا کرے گی ۔ ریونت ریڈی کو امید ہے کہ بس یاترا اور پرینکا کے 3 دن تلنگانہ میں قیام سے پارٹی امکانات مزید بہتر ہونگے ۔ اسی دوران ہائی کمان نے امیدواروں کے انتخاب کی اسکریننگ کمیٹی میں توسیع کرکے سابق وزیر محمد علی شبیر اور سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک کو شامل کیا ہے۔ تلنگانہ سے اقلیتوں کی نمائندگی کے طور پر محمد علی شبیر کی شمولیت کا ملکارجن کھرگے نے فیصلہ کیا ۔ کے مرلیدھرن ایم پی کی صدارت میں اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ جس کے ارکان بابا صدیق اور جگنیش میوانی ہیں ۔ با اعتماد عہدہ ارکان کے طور پر ریونت ریڈی ، بھٹی وکرامارکا ، مانک راؤ ٹھاکرے ، اتم کمار ریڈئ ، کے وینکٹ ریڈی ، مدھو یاشکی گوڑ اور تلنگانہ انچارج سکریٹریز کو شامل کیا گیا ہے ۔