پریکر رافیل کی وجہ سے مستعفی ہوئے تھے : شرد پوار

   

ممبئی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی سربراہ شرد پوار نے آج کہا کہ سابق وزیر دفاع منوہر پریکر نے مرکز میں اپنا عہدہ محض اس لئے چھوڑا تھا کیونکہ وہ رافیل معاملت سے متفق نہیں تھے ۔ انہوں نے کولہاپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی 2014 میں کئے گئے اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ایسے میں عوام کی توجہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رافیل معاملت منوہر پریکر کو قبول نہیں تھی ۔ اس لئے انہوں نے وزیر دفاع کی حیثیت سے استعفی پیش کرکے گوا میں وزارت اعلی کی ذمہ داری سنبھال لی تھی ۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں اہم اداروں پر قبضہ کرلیا ہے اور وہ انہیں اپنے مفادات کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے جب ملک کی سپریم کورٹ کے ججس کو ایک پریس کانفرنس منعقد کرنی پڑی تھی ۔ پوار نے فوج کو سیاست میں گھسیٹنے پر مودی اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوںکو چاہئے کہ وہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کریں۔ انہوں نے حقائق بیان کرنے پر ایم این ایس لیڈر راج ٹھاکرے کی ستائش کی ۔