پر اسرار لاپتہ نوجوان حافظ قرآن کی نعش برآمد

   

درگم چیرو علاقہ میں سنسنی ۔ پولیس کی مختلف پہلووں سے تحقیقات
حیدرآباد ۔ 3فبروری ( سیاست نیوز) پُراسرار طور پر لاپتہ ایک مسلم نوجوان کی نعش کو پولیس رائے درگم نے آج برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے ڈی آر ایف ٹیم کے ہمراہ 17سالہ محمد عمران کی نعش کو برآمد کرلیا گیا ۔ عمران مسجد کے امام حافظ قرآن بتائے گئے ہیں جو کل سے لاپتہ تھے ۔ وہ اپنے والد کے ہمراہ نماز پنجگانہ مسجد قطب شاہی درگم چیرو میں ادا کرتے تھے ۔ کل رات تالاب کے کنارے ان کے کپڑوں کو دیکھا گیا اور رات میں مسلم نوجوانوں نے پانی میں ان کی تلاش کی ۔ اس حافظ قرآن کی مشتبہ موت کے واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ، چونکہ تالاب کے کنارے عمران کے کپڑے ، چشمہ ، چپل اور ٹوپی بکھرے پائے گئے ۔ مقامی عوام کی جانب سے عمران کی مشتبہ موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے اور عوام اس نوجوان حافظ قرآن کا قتل کئے جانے شبہ ظاہر کرکے بے چینی کا اظہار کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر درگم چیرو پولیس مسٹر ایس رویندر نے بتایا کہ عمران ان کے والد کے ہمراہ قطب شاہی مسجد نماز ادا کرنے آتے تھے جو کل شام 5 بجے سے لاپتہ ہوگئے ۔ مقامی عوام کی اطلاع اور پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے ڈی آر ایف ٹیم کی مدد سے عمران کی نعش کو برآمد کیا ۔ انسپکٹر پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو قتل کا کوئی ثبوت و سراغ دستیاب نہیں ہوا اور پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس خودکشی یا پھر حادثاتی طور پر غرقابی کے پہلو کی بھی تحقیقات کررہی ہے ۔