20 پریمیم کی ادائیگی پر 2 لاکھ روپئے کا حادثاتی انشورنس، بنک کھاتہ داران اسکیمات سے فائدہ اٹھائیں
حیدرآباد ۔2 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین اسٹیٹ لیول بنکرس سمیتی (SLBC) رادھا کرشنن نے بتایا کہ جن لوگوں کا بنکوں میں کھاتہ ہے، وہ پردھان منتری جیون جیوتی انشورنس اسکیم (PMJJBY) کے تحت 436 سالانہ پریمیم ادا کرنے پر 2 لاکھ روپئے لائف انشورنس اور پردھان منتری سریکشا بیمہ اسکیم کیلئے 20 پریمیم ادا کرنے پر 2 لاکھ روپئے حادثاتی انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بنکوں میں کھاتہ رکھنے والے افراد کو ان سہولتوں سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اپنے اپنے بنک کے شاخوں سے رجوع ہوتے ہوئے رضامندی نامہ جمع کرانے پر زور دیا۔ رادھاکرشنن نے کہا کہ ریاست کے تمام دیہی علاقوں میں شعوربیداری مہم چلاتے ہوئے مرکز حکومت کی بنکوں کی جانب سے عمل کی جانے والی فلاحی اسکیمات کی تشہیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کھاتہ دار جس نے PMJJBY اسکیم کے تحت 436 پریمیم ادا کرنے کے بعد کسی بھی وجہ سے فوت ہوجاتا ہے تو فوری اس کے نامنی کو بنک کی جانب سے 2 لاکھ روپئے کی رقم ادا کردی جائے گی۔ اس طرح ایکسڈنٹ انشورنس اسکیم کے تحت 20 پریمیم کی ادائیگی کے بعد کھاتہ دار کی کسی بھی حادثہ میں موت واقع ہوجاتی ہے تو اس کے نامنی کو 2 لاکھ روپئے کی انشورنس رقم ادا کی جائے گی۔ اگر کھاتہ دار جزوی یا مستقل معذور ہوجائے تو ایک لاکھ روپئے انشورنس کی رقم ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اٹل پینشن اسکیم کے تحت غیرمنظم شعبہ کے مزدوروں کو 60 سال عمر کے بعد ماہانہ ایک ہزار تا پانچ ہزار پنشن دیا جائے گا۔ صدرنشین ایس ایل بی سی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان اسکیمات کے بارے میں شعور بیدار کرتے ہوئے اس سے استفادہ اٹھانے کی ترغیب دیں۔ اس موقع پر PMJJBY پریمیم کی ادائیگی کے بعد بیوی کے فوت ہوجانے پر ان کے نامنی شوہر عبدالعظیم کو انشورنس کی 2 لاکھ روپئے کی رقم ادا کی گئی ہے۔2