گورنر سے مداخلت کی اپیل، حکومت کے تساہل پر نارائن ریڈی کی تنقید
حیدرآباد : تلنگانہ پلازما ڈونرس اسوسی ایشن کے صدر جی نارائن ریڈی نے ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے اپیل کی ہے کہ ریاست میں پلازما کلکشن کیلئے موبائیل یونٹس قائم کرنے ریاستی حکومت کو ہدایات جاری کریں۔ موبائیل کلکشن یونٹس کے آغاز کے ذریعہ کورونا کے مریضوں کی زندگی بچائی جاسکتی ہے ۔ نارائن ریڈی جو کانگریس کے خازن ہیں، حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں پلازما تھراپی سے حکومت کی عدم دلچسپی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے گورنر کی ستائش کی اور کہا کہ حال ہی میں ای ایس آئی ہاسپٹل کے دورہ کے موقع پر گورنر نے پلازما ڈونیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا ۔ حکومت کو چاہئے کہ کورونا مریضوں کے موثر علاج کے لئے پلازما تھراپی میں شدت پیدا کریں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ دنیا بھر میں پلازما تھراپی کو اختیار کیا گیا ہے جس کے موثر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ امریکہ میں پلازما تھراپی پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موبائل پلازما کلکشن یونٹس کی عدم موجودگی کے باعث پلازما ڈونرس کی نشاندہی میں دشواری ہورہی ہے۔ ڈونرس کو ہاسپٹل جانے پر مجبور کیا جارہا ہے جہاں کورونا کے مریض ہیں۔ موبائیل یونٹس کے قیام سے ڈونرس بلا خوف و خطر پلازما کا عطیہ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 22 جولائی تک ریاست میں 37666 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور چند سو مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ایسے مریضوں کیلئے پلازما تھراپی کارآمد ثابت ہوگی۔ ریاستی گورنر کو اس معاملہ میں مداخلت کرنی چاہئے ۔